اسلام آباد(نیوزڈیسک) ایوانِ صدر میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان ‘سے نوازا گیا ۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، اعلیٰ عسکری قیادت اور اہم سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور انڈونیشین ہم منصب کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں تاریخی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر زرداری نے انڈونیشیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے نقصانات پر اظہار افسوس کیا جبکہ دونوں صدور نے بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ۔ ملاقات میں مستقبل کی شراکت داری کو جامع ترقی کے اصولوں پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اظہاراطمینان، تجارت میں توازن پر زور دیا گیا ۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کو کاروباری روابط بڑھانے کا مؤثر فورم قرار دیا گیا، آئی ٹی، زراعت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا ، دفاعی تعاون مضبوط بنانے، تربیت اور مشترکہ پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
پاکستان اور انڈونیشیا نے اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنےکا عزم کا اظہار کیا، آصف زرداری نے مہمان صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا، انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ بھی دیا گیا۔









