بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیض حمید کی سزا تاریخی فیصلہ: سازشی عناصر کے حوصلے پست ہونگے، رانا تنویر

مریدکے:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیض حمید کی سزا تاریخی فیصلہ ہے اور دیگر سہولت کار بھی کٹہرے میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق آئی ایس آئی چیف کی سزا سے مستقبل میں سازشی عناصر کے حوصلے پست ہوں گے۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہمیشہ ملک اور اداروں کو کمزور کرنا رہا، اور ان کا انجام قریب ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت کے بعد فیلڈ مارشل نے بھی انتشار کی سیاست کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سازشی عناصر کو بے نقاب کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ سازشی عناصر ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب ہو کر انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کے خلاف سازش کرکے ملک کو زوال کا شکار بنایا گیا، جبکہ عمرانی سازش کے کردار آج بھی متحرک ہیں مگر ہماری نظر میں ہیں۔

وفاقی وزیر نے نواز شریف کے دور کو ملکی ترقی کا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ سازشیں نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی ملکی ترقی میں شامل کرنے کی کوشش کی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ بلدیاتی انتخابات کراتی رہی اور مقامی حکومتوں کو مضبوط بنایا۔

آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نئے سال میں بہترین بلدیاتی حکومتوں کے ذریعے بنیادی مسائل حل کرے گی۔