جیانگ شی(ویب ڈیسک)چین کی میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیل پویانگ اپنے بلند پانی کے موسم کی سطح کے مقابلے میں 90 فیصد تک سکڑ گئی ہے اور پانی کی سطح انتہائی کم لیول پر پہنچ چکی ہے۔
مشرقی چین کے صوبہ جیانگ شی میں واقع شنگ زی ہائیڈرولوجیکل اسٹیشن پر اتوار کی صبح پانی کی سطح انتہائی کم حد سے بھی نیچے گر گئی جہاں پیمائش کے مطابق سطح محض 8 میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اس سال پویانگ جھیل کی سطح پہلی بار 8 اگست کو 12 میٹر کی خشک سالی کی وارننگ لائن سے نیچے گئی جو گزشتہ برسوں کی اوسط کے مقابلے میں 87 دن پہلے ہے، اب تک جھیل 217 دن تک خشک سالی کی وارننگ لائن سے نیچے رہی ہے۔ ڈوچانگ کاؤنٹی میں واقع ایک قریبی واٹر سپلائی کمپنی کے پیداواری و عملیاتی شعبے کے سربراہ وانگ چون ہوا نے بتایاکہ کمپنی نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیرونی جھیل سے پانی پلانٹ کے انٹیک تک پہنچانے کے لیے 10 پمپ مکمل استعداد پر فعال کر دیے ہیں۔
کمپنی نے پینے کے پانی کے ذرائع کی نگرانی میں بھی اضافہ کیا ہے اور پانی کے معیار کے ٹیسٹ کی فریکوئنسی بڑھا دی ہے تاکہ قریبی علاقوں میں 1 لاکھ 60 ہزار شہری و دیہی رہائشیوں کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔2022 میں جھیل کی سطح 4.6 میٹر کی ریکارڈ کم ترین سطح تک گر گئی تھی ۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طویل عرصے تک کم پانی کی سطح سے سائبیرین کرین، اورینٹل اسٹارک اور وائٹ نیپڈ کرین سمیت سینکڑوں ہزاروں مہاجر پرندوں کے سردیوں میں قیام پر منفی اثر پڑے گا جبکہ فن لیس پورپوائز جیسی آبی حیات کی افزائش بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
جھیل کے گرد واقع مقامی حکومتیں صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے درست آبی انتظامی اقدامات، چینلز کی کھدائی اور ماحولیاتی پانی کی فراہمی جیسے ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔اپنے محفوظ قدرتی ماحولیاتی نظام کے باعث پویانگ جھیل ایشیا میں آبی پرندوں کے لیے اہم سرمائی قیام گاہ ہے۔ جھیل کی جانب پرندوں کی ہجرت کا عروجی دور عموماً دسمبر کے وسط سے جنوری کے اوائل تک رہتا ہے۔









