اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے بلوچستان میں شرانگیزی اور منظم سازش کا ایک بار پھر پردہ فاش ہو گیا ہے، جس سے پاکستان کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انسانیت سے عاری مودی حکومت کی سرپرستی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور فتنہ الہندوستان بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں ملوث ایکس پر سرگرم اکاؤنٹ، جو پیج 3 نیوز تھائی کے نام سے چلایا جا رہا تھا، درحقیقت بھارت سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ یہ اکاؤنٹ جعلی شناخت کے ذریعے غدارِ وطن میر یار بلوچ کے نام پر بارہا پیغام رسانی اور من گھڑت دعوؤں میں ملوث پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ بھارتی اکاؤنٹ سے مسلسل میر یار بلوچ کے نام پر جھوٹے بیانات، تاریخی حقائق کی تحریف اور بھارتی ایجنڈے کی تشہیر کی جاتی رہی۔ اس جعلی اکاؤنٹ کو ایک منظم سازش کے تحت بلوچ شناخت کو دہشتگردی کے فروغ اور ریاست مخالف بیانیے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنے کے لیے متحرک کیا گیا۔
حال ہی میں بین الاقوامی سامعین کو گمراہ کرنے کے لیے اسی جعلی اکاؤنٹ سے ایک طویل پیغام جاری کیا گیا، جو دراصل بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے تیار کردہ بلوچستان مخالف پروپیگنڈے پر مبنی تھا۔ اس پیغام کا مقصد عالمی رائے عامہ کو پاکستان کے خلاف ہموار کرنا اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔
تھائی سماجی پلیٹ فارم ایکس سے حاصل ہونے والی تکنیکی معلومات کے مطابق یہ اکاؤنٹ بھارت سے تھائی لینڈ کے وی پی این کے ذریعے آپریٹ کیا جا رہا تھا، جس سے بھارتی خفیہ نیٹ ورک کے براہ راست ملوث ہونے کے شواہد مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم، شرپسند عناصر کی سرپرستی اور ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے بھارت کے عزائم اب عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بھارتی ایما پر بلوچستان میں بدامنی اور دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت خطے میں امن و استحکام کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ان شواہد کو بین الاقوامی فورمز پر پیش کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور پراپیگنڈا نیٹ ورکس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔









