بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سانحہ آرمی پبلک اسکول کی برسی، وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام کا شہداء کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی برسی کے موقع پر وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام نے اے پی ایس کے معصوم شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی ایس کے بچوں کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہیں۔

وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ درحقیقت پوری انسانیت پر حملہ تھا، جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم آج بھی شہداء اے پی ایس کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے دکھ کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو نئی قوت بخشی اور پوری قوم کو یکجا کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن کے دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء اے پی ایس کی قربانیاں ہمیں اتحاد، حوصلے اور استقامت کا درس دیتی ہیں اور یہ قربانیاں ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔

وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گا اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔