بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سانحہ APS، 16 دسمبرقوم کیلئے دکھ، کرب و آزمائش کا دن تھا، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحۂ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دلخراش سانحے میں شہید ہونے والے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 پاکستان کے لیے دکھ، کرب اور آزمائش کا دن تھا جس نے پوری قوم کو گہرے صدمے اور سوگ میں مبتلا کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کے شہداء نے علم، امن اور انسانیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جس سے پوری قوم میں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم، یکجہتی اور حوصلے کو نئی قوت ملی۔ انہوں نے کہا کہ برسوں گزر جانے کے باوجود اس سانحے کا درد آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہے اور قوم ان زخموں کو شدت سے محسوس کرتی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سانحۂ آرمی پبلک سکول نے یہ حقیقت واضح کر دی کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی کے لیے قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں اور ملک کے امن و استحکام کے لیے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج بھی دشمن عناصر ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، تاہم قوم اور سکیورٹی فورسز کے پختہ عزم کے سامنے ان کی ہر سازش ناکام بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قوم کو ایک مرتبہ پھر اسی جذبۂ اتحاد اور قربانی کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے جو سانحۂ اے پی ایس کے بعد نمایاں طور پر سامنے آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان کی ریاست اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور امن دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کسی قوم یا مذہب سے نہیں ہوتا بلکہ دہشت گرد درحقیقت انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے اور اسے جڑ سے ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ لائحۂ عمل اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے تعلیم کے فروغ، برداشت، رواداری اور قانون کی بالادستی کو قومی ترجیح بنانا ہو گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحۂ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ عزت، احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔