اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اصلاحات کا مقصد روزگار میں کمی نہیں بلکہ سرکاری اداروں میں موجود نااہلی، مالی ضیاع اور غیر ضروری سبسڈیز کا خاتمہ ہے، جو قومی خزانے پر بوجھ بنی ہوئی ہیں۔
سماجی پالیسی و ترقیاتی مرکز (SPDC) کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے نیشنل فنانس کمیشن (NFC) سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اجلاس مثبت رہا، جس سے وفاق اور صوبوں کے درمیان بامقصد مکالمے کی فضا بنی۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے مختلف پہلوؤں پر تکنیکی گفتگو کے لیے آٹھ ورکنگ گروپس قائم کیے جا چکے ہیں، جو مکمل اتفاقِ رائے کی بنیاد پر کام کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایس پی ڈی سی کو تجزیاتی معاونت اور پالیسی تجاویز فراہم کرنے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی اور آبادی میں تیزی سے اضافے جیسے طویل المدتی چیلنجز پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ایس پی ڈی سی کے وفد نے وزارتِ خزانہ کے ساتھ تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کی، جن میں بین الحکومتی مالی تجزیہ، این ایف سی فارمولے کی ماڈلنگ، ٹیکس پالیسی اور وسائل کی فراہمی شامل ہیں۔









