کراچی (نیوزڈیسک) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن ایئر بلیو کے ٹکٹنگ کاؤنٹر اسٹاف کی مبینہ غفلت کا انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں کراچی سے جدہ جانے والے مسافر کا پاسپورٹ پھاڑ دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافر قدرت اللہ ایئر بلیو کی پرواز پی اے 170 کے ذریعے کراچی سے جدہ روانہ ہو رہا تھا۔ ٹکٹ کی کنفرمیشن کے دوران جناح ٹرمینل پر ایئر بلیو کے ٹکٹنگ کاؤنٹر کے عملے سے مسافر کا پاسپورٹ غلطی سے پھٹ گیا، جس کے باعث وہ سفر نہ کر سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ پھٹ جانے کے بعد مسافر قدرت اللہ پرواز میں سوار نہیں ہو سکا، ، جبکہ ایئر بلیو کی پرواز پی اے 170 اپنے ہی اسٹاف کی غلطی کے باعث مسافر کو چھوڑ کر جدہ روانہ ہو گئی۔ مسافر ایک گروپ کے ہمراہ روزگار کے لیے سعودی عرب جا رہا تھا۔
مسافر قدرت اللہ نے ایئر بلیو کے ٹکٹنگ کاؤنٹر پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ پھٹنے کی وجہ سے اسے لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرواز چھوٹ جانے کے باعث مسافر کو ٹکٹ کی رقم واپس کر دی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پھٹے ہوئے پاسپورٹ پر بین الاقوامی سفر ممکن نہیں ہوتا، اور مسافر قدرت اللہ کو سعودی عرب جانے کے لیے نیا پاسپورٹ بنوانا ہوگا۔









