کراچی (نیوزڈیسک) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ایئرلائنز کے درجنوں طیارے طویل عرصے سے کھڑے کھڑے کباڑ میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 25 سے زائد طیاروں میں پرندوں نے گھونسلے بنا لیے ہیں، ایئرپورٹ اتھارٹی نے مختلف آپشن پر غور شروع کردیا۔
ایئرپورٹ کے جنک یارڈ میں سب سے زیادہ 20 طیارے ایک نجی ایئرلائن کے ہیں جبکہ پی آئی اے کے 7 طیارے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غیرملکی کارگو اور مسافر بردار طیارے بھی کئی برسوں سے جنک یارڈ میں کھڑے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائن کے طیارے قانونی مسائل کے باعث اب تک نہیں ہٹائے جا سکے۔ صورتحال کے پیش نظر ایئرپورٹ اتھارٹی نے طیاروں کو ہٹانے یا متبادل استعمال کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔









