اسلام آباد:(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب ظفرالحق حجازی سے ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔
تقریب کے دوران ظفر حجازی نے وفاقی ٹیکس محتسب کی حیثیت سے حلف اٹھایا جس کے بعد صدر مملکت سے ان کی اہم ملاقات بھی ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ظفر حجازی چار دہائیوں پر مشتمل وسیع پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں اور ماضی میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس ادارے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
صدر مملکت نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر شہریوں کو فوری، شفاف اور آسان ریلیف فراہم کرے اور ساتھ ادارے کی ملک بھر میں رسائی بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔









