اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے فِنٹوپیا چین کے وفد نےملاقات کی۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی دوست ہیں اور دوطرفہ سرمایہ کاری تعاون مزید فروغ پا رہا ہے۔ فِنٹوپیا وفد کا دورہ، پاکستان،چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل میں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی کے ساتھ ایک بڑی اور پُرکشش منڈی ہے۔ فِن ٹیک اور ڈیجیٹل فنانس کے منصوبے چھوٹے کاروباروں اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کریں گے۔
چینی وفد کو بزنس فسیلیٹیشن سینٹر، آسان کاروبار ایکٹ کے تحت اصلاحات اور خصوصی اقتصادی زونز و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب مراعات سے آگاہ کیا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار میں آسانی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے ممکنہ سرمایہ کاری اور شراکت داری پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی قیادت میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔









