لاہور(نیوزڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی نے بھارتی ریاست کے وزیرِاعلیٰ نتیش کمار کی گستاخی کا بھر پور رد عمل دیتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے مسلم خاتون کو بےحجاب کرنے پر مذمتی قرارداد جمع کروادی ۔
قرارداد کے متن کے مطابق سرکاری تقریب میں مسلم خاتون ڈاکٹرکا نقاب زبردستی کھینچنا انتہائی افسوسناک ہے ۔ یہ ایوان اخلاقیات سےگرے اس شرمناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔ وزیراعلیٰ بہارنتیش کمارمودی کا گماشتہ، جسےاخلاقیات کا کوئی ادراک نہیں ۔ سانحہ مودی کی اقلیتوں، بالخصوص مسلم خواتین کیخلاف نفرت اور عدم تحفظ کی مثال ہے ۔کسی خاتون کا حجاب اتارنا انسانی وقارکی پامالی، مہذب معاشرہ میں قابل قبول نہیں ۔
قرارداد میں مطالبہ کیا کہ شرمناک حرکت پروزیر اعلیٰ بہارنتیش کمارعالمی سطح پر مسلم خواتین سے معافی مانگے ۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور او آئی سی بھارت کیخلاف کارروائی کریں۔ یہ ایوان متاثرہ خاتون ڈاکٹرکے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔









