بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاور سیکٹر اصلاحات، وفاقی وزیر، اے ڈی بی وفد ملاقات، چیلنجز سے آگاہ کیا

اسلام آباد:(نیوزڈیسک )وفا قی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیہ گٹیریس نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بجلی کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز سے وفد کو آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تقریباً 20 گیگاواٹ صاف توانائی کی جانب منتقلی ہو چکی ہے تاہم اس نمایاں پیش رفت کے باوجود نہ تو صاف توانائی کے لیے مخصوص فنانسنگ فراہم کی گئی اور نہ ہی بجلی کے نظام (گرڈ) کو مستحکم رکھنے کے لیے مالی وسائل فراہم کیے گئے۔ انہوں نے فنڈنگ کی مشکلات، روپے کے کور سے متعلق مسائل اور ابتدائی مرحلے میں زیادہ اخراجات کی نشاندہی کی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان بزنس کونسل کے ذریعے پاور ٹرانسمیشن سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور مارکیٹ میں اعتماد بڑھانے کے لیے مقامی سرمایہ کاروں سے رابطے میں ہے۔ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے آئی جی سی ای پی کے تحت جاری ٹرانسمیشن منصوبوں میں پیش رفت سے وفد کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں درکار نہ ہونے والی اضافی بجلی کی پیداواری صلاحیت نظام سے نکال دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت مزید بجلی کی خریداری نہیں کرے گی اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کی جانب پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود قابلِ تجدید توانائی کی طرف سفر جاری رہا تاہم گرڈ کے استحکام کے لیے مناسب اور بروقت مالی معاونت ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے بجلی کی طلب میں اضافے اور نجی شعبے کے زیادہ استعمال کے لیے متعارف کرائے گئے انرجی سرپلس پیکج کی تفصیلات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب نجی شعبے کی شمولیت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت کی جائے گی جس میں جدید ٹیکنالوجی کے انضمام اور نظام کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

لیہ گٹیریس نے کہا کہ موجودہ عہدے پر یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے پاور ڈویژن کے ساتھ تبادلہ خیال کو سراہتے ہوئے سمارٹ میٹرنگ منصوبوں میں تعاون میں دلچسپی ظاہر کی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ٹیکنالوجی کے انضمام میں اے ڈی بی کی مہارت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے انٹیگریٹڈ انرجی پلان کی حمایت اور پی پی پی فریم ورک کے تحت عبوری مشیر کے طور پر کردار ادا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

وفاقی وزیر نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے دوران اے ڈی بی کے مسلسل تعاون اور شراکت داری کا شکریہ ادا کیا اور اس کے تعمیری کردار کو سراہا۔