بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت اور فیصلہ کن احتساب جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے یہ ہدایات تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ تین گھنٹے طویل احتسابی ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں مختلف اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لیہ میں گڑھے میں گر کر دو سالہ بچے کی المناک موت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید کو اجلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی اور فوری تبادلے کا حکم جاری کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسوسناک واقعات پیش آنے کے بعد نہیں بلکہ پہلے ہی افسران کو بروقت اقدامات کرنا چاہئیں۔ انہوں نے کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات، کھلے مین ہول، سیوریج کے گڑھوں، خستہ حال انفراسٹرکچر اور قبضہ مافیا کے خلاف فوری اور مؤثر ایکشن کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ملتان، حافظ آباد اور بہاولنگر میں مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے واقعات کے تسلسل پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے باز پرس کی اور غفلت کو بے نقاب قرار دیا، جبکہ لیہ کے واقعے پر بھی ڈپٹی کمشنر کی سرزنش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ کیا کھلے مین ہول اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت افسران کی ذمہ داری نہیں، اور ہدایت کی کہ کسی سیاسی دباؤ کی پروا نہ کی جائے، گڈ گورننس اور شفافیت ہی حکومت کا نصب العین ہے۔

وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناموزوں کارکردگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کے پی آئیز کے معیار پر مکمل جانچ کا حکم دیا اور پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اسٹاف اور افسران کے لیے واضح کے پی آئیز مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر وزیراعلیٰ نے 3607 مقدمات کے فوری فیصلوں اور زمینوں کی واگزاری پر انتظامیہ کو شاباش دی اور اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو قبضہ کیسز میں مزید بااختیار بنانے کا حکم دیا۔

شہری سہولتوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ہر بازار کی بیوٹیفکیشن ڈیزائن پیکچر کے مطابق کرنے، بیوٹیفکیشن پلان کی فول پروف مانیٹرنگ، ہر سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ بنانے، مارکیٹوں میں واضح اور یکساں سائن بورڈز لگانے، ہریالی بڑھانے اور خوشگوار ماحول قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ خواتین کے لیے لاہور کے تاریخی اچھرہ بازار کو خوبصورت اور آرام دہ بنانے کا خصوصی منصوبہ پیش کیا گیا، جہاں کافی شاپ، پکوڑے اور چاٹ کے معیاری و خوبصورت اسٹالز اور خریداروں کی سہولت کے لیے صاف ستھرے نئے ٹائلٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

مزید برآں قصور میں فوڈ سٹریٹس اور جنرل بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش، شاہ کوٹ، واربرٹن، سانگلہ ہل کے بازاروں اور ننکانہ صاحب کے کلاک ٹاور کی خوبصورتی، پاکپتن میں بابا فرید بازار، برتن بازار اور کنال برج کی بیوٹیفکیشن مئی کے آخر تک مکمل کرنے، ساہیوال کے پاکپتن بازار، صدر بازار اور برینڈ روڈ کی بیوٹیفکیشن 31 مئی تک جبکہ اوکاڑہ کے گول چوک بازار، فوڈ سٹریٹس اور پارکنگ ایریا مئی سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ، صاف ستھرا ماحول اور محفوظ شہری سہولتیں حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اس مقصد میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔