بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوجوان مستقبل کے معمار، پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہیں، وزیراعظم

ہری پور: (نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے ہونہار طلبہ کو،، اے آئی،، کی تربیت کے لیے یورپ بھجوایا جائے گا۔ ہری پور میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے ہری پور میں دانش سکول کے قیام، یونیورسٹی میں خواتین کے لیے علیحدہ کیمپس اور ہری پور پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

ہری پور میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان قوم کے معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین سے طلبہ میرٹ پر تربیت حاصل کرکے وطن واپس آچکے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف پروگراموں میں پورے پاکستان کے طلبہ کو شامل کیا گیا ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت میں استحکام آچکا ہے، اب توجہ نمو اور ترقی پر مرکوز ہے، وزیراعظم نے ہری پور میں دانش سکول کے قیام، خواتین کے لیے علیحدہ کیمپس اور ہری پورچک ہائی پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھول سکے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام نے بے مثال قربانیاں دیں۔

چییر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ میرٹ کی بالادستی کیلئے علم بلند کیا۔میرٹ پر بچوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا تو معاشرہ ترقی کرے گا ۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ پوری دنیا معترف ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ۔وزیراعظم نے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔
رکن قومی اسمبلی بابر نواز نے کہا کہ نوجوان نسل کا مستقبل تابناک ہے ۔ آج پاکستان کے نوجوان وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہو نہار طلباو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے تعلیم اور معلومات تک ان کی رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس اقدام سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔