بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سرکاری دورے پرلیبیاپہنچ گئے

راولپنڈی (نیوز ڈیسک )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ سے اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف ان دنوں سرکاری دورے پر لیبیا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر سے ملاقات کی ہے۔

اس اہم ملاقات میں لیبیائی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو لیبیائی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی صورتحال، خطے میں درپیش چیلنجز اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ فریقین نے تربیت، صلاحیت میں اضافے اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے فروغ کو اہم قرار دیا۔

فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔