اسلام آباد:(نیوزڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشانِ حیدر) کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید بہادری، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن علامت ہیں۔ انہوں نے 1971 کی جنگ میں واہگہ کے محاذ پر شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے مقابل ڈٹ جانے کو شہید کی عظیم جرأت قرار دیا اور کہا کہ ان کی قربانی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، ایثار اور قومی جذبے کی عکاس ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی لازوال قربانی ہمیشہ قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی دلیری، بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانس نائک محمد محفوظ شہید نے 1971 میں واہگہ اٹاری سیکٹر میں دشمن کی پیش قدمی کو تاریخی اور مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے مادر وطن کے تحفظ کو تاریخ میں امر کر دیا۔ لانس نائیک محمد محفوظ شہید جیسے بہادر سپوت ہی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بزدل دشمن کے وار سے زخمی ہونے کے باوجود محمد محفوظ شہید نے میدانِ جنگ میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی اور ان کی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم محمد محفوظ شہید سمیت تمام بہادر شہداء پر فخر کرتی ہے، جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔









