اسلام آباد:(نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستان کے کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کسان ملکی معیشت، غذائی خودکفالت اور دیہی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کے کروڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ اور قومی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ وہ خود ایک زراعت سے وابستہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، اسی لیے کسانوں کی محنت، کامیابیوں اور مشکلات کا انہیں بخوبی ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان دن رات محنت کر کے نہ صرف قوم کا پیٹ پالتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی سہارا دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی لاگت میں اضافہ پاکستانی کسانوں کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اور دیرپا اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسانوں کی فلاح، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور منڈیوں تک بہتر رسائی کے لیے ٹھوس عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ زرعی شعبے کی مضبوطی سے ہی پاکستان میں غذائی تحفظ، پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، اور اس مقصد کے لیے کسانوں کی حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کو ترجیح دینا ہوگی۔









