اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نیشنل سائبر سکیورٹی پالیسی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے نیشنل سائبر سکیورٹی سینٹر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی نیٹ ورکس اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ مس انفارمیشن کا خاتمہ کیا جا سکے۔
نیشنل سائبر سکیورٹی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز معلومات کے تبادلے کو تیز کرتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ جعلی خبریں، غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو قومی سلامتی، سماجی ہم آہنگی اور معیشت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سائبر سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے قومی سطح پر سائبر سکیورٹی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے سڈنی واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے بغیر ثبوت یا شواہد اسے جوڑنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔









