بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتظامی امورکی بہتری کیلئے نئے صوبے ناگزیر ہیں، عبدالعلیم خان

لاہور (نیوزڈیسک) صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ انتظامی امور بہتر کرنے کیلئے نئے صوبے ناگزیر ہیں۔ پاکستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔

کرسمس کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے زیادہ صوبے بن جائیں تواعتراض کیا ہے۔ اپنی کرسی کی فکر چھوڑو۔ عوام پر رحم کرو۔ ہائیکورٹ قریب ہوگی تو لوگوں کی جلد دادرسی ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے منشور میں کہا ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، آج تک سمجھ نہیں آئی کسی کو نئے صوبوں کے قیام پر کیا اعتراض ہے، ہم نہیں چاہتے،پنجاب، سندھ، بلوچستان کےنام تبدیل ہوں، پرانے صوبوں کے نام کے ساتھ ہی شمالی اور جنوبی لکھا جائے۔

وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہری کئی گھنٹوں کی مسافت کے بعد لاہور پہنچتے ہیں، بلوچستان میں لوگ 1100 کلومیٹر چل کر کوئٹہ پہنچتے ہیں، ہمیں لاہور میں رہ کر کئی مشکلات پیش آتی ہیں، دور دراز علاقوں سے سیکرٹریٹ آنے والوں کو کتنی مشکلات ہوں گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کی حمایت پر ایم کیو ایم کے شکرگزار ہیں۔ صوبوں کے معاملے پردیگر سیاسی جماعتوں کے پاس بھی جائیں گے، امید ہے محب وطن دوست نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کریں گے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارت کے 7 جہاز گرے، گرنے والے رافیل طیاروں کے نمبر بھی سامنے آگئے، پوری دنیا میں بھارت منہ چھپاتا پھر رہا ہے، پاک فوج کے جوانوں نے ملک کیلئے جانیں قربان کیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے ہمارے بچوں کیلئے اپنے بچے یتیم کیے۔

انہوں کہا کہ پاک فوج کے جوان اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کردیتے ہیں، ہم اپنے گھروں میں پاک فوج کی قربانیوں کے باعث محفوظ ہیں ، سوشل میڈیا پر ملک کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سیاست پر کوئی پابندی نہیں، سیاست کو سیاسی میدان میں رکھیں، مخالفین سیاستدانوں کے خلاف سیاست کریں۔ قربانیاں دینے والوں کے خلاف بولنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاک فوج کے خلاف بات کرنے والوں کی زبان کھینچ لیں گے۔

وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے اپنے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس اور نیوایئر کی مبارکباد دیتا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ ملک صرف مسلمانوں کا نہیں، یہ ملک مسلمانوں کے ساتھ اقلیتوں کا بھی ہے، اسی لیے قومی پرچم میں سبز اور سفید رنگ ہے۔