بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے حصے کا پانی روکنا یا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا، اسحاق ڈار

اسلام آباد(نیوزڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنا یا اس کا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا۔

اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتکاروں سے خطاب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت بغیر بتائے دریائے چناب میں پانی چھوڑ کر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، جو پاکستانی عوام کی زندگی اور روزگار کو خطرے میں ڈالتا ہے۔ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے لیکن اپنے لوگوں کے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے معاہدہ بحال نہ کرنے اور پانی کا رُخ موڑنے کا اعلان کیا ، بھارت نے ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا اور مشترکہ نگرانی کا عمل روک رکھا ہے۔ عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کیلئے کردار ادا کرے، ہم اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات پاکستان کی سلامتی ، معیشت اور لوگوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ ہیں، بھارتی اقدامات سے پاکستان کی غذائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھی بھارتی اقدامات پر تشویش ظاہر کی ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انڈس واٹر کمشنر کے ذریعے باضابطہ سفارتی اور قانونی راستہ اختیار کیا، کشن گنگا اور رتلے جیسے منصوبے تکنیکی شرائط کی خلاف ورزی ہیں، معاہدے کے تحت ضروری ڈیٹا اور معلومات پاکستان کو فراہم نہیں کی گئیں، بھارت کا حالیہ اقدام پانی کو بطور ہتھیاراستعمال کرنے کی واضح مثال ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طورپر معطل کیا، بھارتی اقدام عالمی قوانین اورویاناکنونشن کی خلاف وزری ہے، جنوبی ایشیا میں امن کوسنگین خطرات لاحق ہیں۔ عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کیلئے کردار ادا کرے۔