اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی آگے بڑھانے کےلیے اپوزیشن کی عدم شرکت پر حکومت نے نیا پلان بنا لیا۔ طے کرلیا گیا کہ حکومت اور اسپیکرقومی اسمبلی اب اپوزیشن کی منت سماجت نہیں کریں گے، دستیاب ارکان سے قائمہ کمیٹیوں کا کام چلانے کی ٹھان لی گئی ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹیوں میں اپوزیشن کی عدم شرکت کے باعث حکومت اور قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اپوزیشن کی منت سماجت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں کا کام دستیاب ارکان کے ساتھ ہی جاری رکھنے کی ٹھان لی گئی ہے۔
حکمت عملی کے تحت جہاں اپوزیشن چیئرمین موجود نہیں ہوں گے وہاں کمیٹیوں کی صدارت عارضی سربراہ کریں گے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق متبادل ارکان کو بھی قائمہ کمیٹیوں میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ قانون سازی اور نگرانی کا عمل متاثر نہ ہو۔









