اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت محترمہ ستاریون متلوبخون امان زادہ نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط موجود ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں جاری مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاری پاکستان تاجکستان ثقافتی ہفتہ کو دونوں ممالک کی شاندار روایات، فنون اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط کریں گے۔
وزیراعظم نے تجارت، رابطہ کاری، توانائی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ کثیر جہتی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تاجک صدر امام علی رحمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے فنکاروں کے تبادلے، ثقافتی تہواروں اور نمائشوں سمیت مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان پاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منانے پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت تاجکستان کی وزیر ثقافت اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔









