استنبول (نیوزڈیسک)مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کا سچا اور کھرا اتحادی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔
بحری پلیٹ فارمز کی شمولیت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان بحریہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چار ملگیم (MILGEM) بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تھا، جس پر کامیابی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں پاکستان کے دوسرے ملجم کلاس بحری جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کے موقع پر پاک بحریہ، دفاعی ماہرین اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر مزید کہا کہ بحری قوت اور دفاعی صلاحیت میں اضافہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔









