اسلام آباد:(نیوزڈیسک) قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنیات، سیاحت، سازگار موسمی حالات اور باصلاحیت افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے، جو اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے ذہین اور محب وطن افراد، سرکاری افسران، بیوروکریسی، وکلا، ڈاکٹرز، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ قومی وسائل کو بہتر اور مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ملکی سیاسی، معاشی، سماجی اور اقتصادی صورتحال، دفاعی و صنعتی شعبوں کی بہتری اور قومی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں بہترین موسمی حالات کے ساتھ غیر معمولی جغرافیائی اہمیت بھی موجود ہے، جو اسے عالمی سطح پر منفرد مقام عطا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، توانائی، کھیلوں، طبی آلات اور دفاعی ساز و سامان کے شعبوں میں ایسی مہارت اور قابلیت رکھتا ہے جو دنیا کے چند ہی ممالک کے پاس ہے۔ ہم سب مل کر پاکستان کو ایسا مقام دے سکتے ہیں جس کی دنیا مثال دے۔
سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام دنیا کے بہترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے اور دیگر ممالک کے لیے مشعلِ راہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے مشکل حالات، حتیٰ کہ جنگی صورتحال میں بھی دانشمندانہ اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے دنیا کو متاثر کیا ہے اور ملک کی قیادت ترقی اور خوشحالی کے لیے یکسو ہو کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان سفارتی سطح پر اقدامات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی کانفرنسز، مکالموں اور مذاکرات کے ذریعے بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر ہم ملک کی تیز رفتار ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
پاکستان کے معاشی اور دفاعی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ان ممالک میں شامل ہوگا جہاں عوام کو بنیادی سہولیات، روزگار کے وسیع مواقع، سرمایہ کاری و تجارت کے فروغ اور بہتر معیارِ زندگی میسر ہوگا۔
سیدال خان نے تمام سیاسی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل اور معدنیات کے مؤثر استعمال سے ملک کو ایسی معاشی اور سماجی مضبوطی دی جا سکتی ہے جو عالمی برادری کے لیے مثال بن سکے۔









