پشاور(طارق سمیر)خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگرد ہلاک، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں مؤثر کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4 خوارج مارے گئے۔ دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت پوری شدت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
خیبرپختونخوا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے9دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد








