بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت، وزیراعظم کا فتنہ الخوارج کیخلاف کریک ڈائون پر فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی عزم اور اتفاقِ رائے سے کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔