بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسموگ صرف پھیپھڑوں کو ہی نہیں، جوڑوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے: ماہرین

فضائی آلودگی کو عام طور پر پھیپھڑوں کی صحت اور سانس کی بیماریوں سے جوڑا جاتا ہے لیکن اسموگ اور آلودہ ہوا جوڑوں کے درد کی بھی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے۔

آرتھوپیڈک ماہرین کے مطابق آلودہ ہوا اور سرد موسم میں بننے والی اسموگ کی صورتحال جوڑوں خاص طور پر کندھوں اور کولہوں کی ہڈیوں کو زیادہ متاثر کر رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی صرف پھیپھڑوں تک محدود نہیں رہتی، ہوا میں موجود باریک ذرات، خاص طور پر پی ایم 2.5، خون میں شامل ہو کر پورے جسم میں سوزش پیدا کرتے ہیں جس کا براہِ راست اثر جوڑوں پر پڑتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق شہروں میں خراب فضائی معیار کے دوران ایسے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو بغیر کسی واضح وجہ کے جوڑوں کے درد، اکڑن اور حرکت میں کمی کی شکایت کرتے ہیں۔

یہ علامات خاص طور پر اسموگ والے دنوں میں زیادہ شدت اختیار کر لیتی ہیں۔

اسموگ جوڑوں میں سوزش کیسے پیدا کرتی ہے؟
اسموگ میں شامل پی ایم 2.5 جیسے باریک ذرات پھیپھڑوں کے ذریعے خون میں داخل ہو جاتے ہیں۔

یہ ذرات جسم میں مسلسل ہلکی سوزش پیدا کرتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ جوڑوں کے کارٹلیج اور بافتوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔

اس کے نتیجے میں آکسیڈیٹو اسٹریس بڑھتا ہے، کارٹلیج تیزی سے گِھسنے لگتا ہے اور جوڑوں کی قدرتی مرمت کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔

بین الاقوامی تحقیق کے مطابق طویل مدت تک فضائی آلودگی والی جگہوں میں رہنے والے افراد میں آسٹیو آرتھرائٹس کا خطرہ زیادہ پایا گیا ہے۔

کندھے اور کولہے ہی کیوں زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ کندھے اور کولہے مسلسل استعمال میں رہتے ہیں۔ کولہے وزن اٹھانے والے اہم جوڑ ہیں جبکہ کندھے زیادہ حرکت کرنے والے جوڑ ہیں۔

جب مسلسل سوزش ان جوڑوں پر اثر انداز ہوتی ہے تو اکڑ اور حرکت میں کمی آتی ہے، روزمرہ کاموں کے دوران درد ہوتا ہے، جوڑوں کی خرابی تیزی سے بڑھتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شہری علاقوں میں رہنے والے افراد میں گٹھیا اور رمیٹی آرتھرائٹس کی شرح زیادہ ہے۔
کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے؟

یوگا کچھ چوٹوں کا درد کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے

ڈاکٹروں کے مطابق درج ذیل افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں:

گٹھیا کے مریض، عمر رسیدہ افراد، وہ لوگ جنہیں پہلے جوڑوں پر چوٹ آ چکی ہو اور شہری علاقوں میں رہنے والے افراد۔

بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر

ماہرینِ صحت مشورہ دیتے ہیں کہ اسموگ والے دنوں میں غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، سوزش کم کرنے والی غذا جیسے پھل، سبزیاں اور اومیگا تھری والی غذائیں کھائیں، ہلکی پھلکی ورزش، اسٹریچنگ اور یوگا جاری رکھیں اور جوڑوں کے مستقل درد کو نظرانداز نہ کریں۔