بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان آئیڈل میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بیٹے کی مایوس کن پرفارمنس

پاکستان کے معروف کلاسیکل اور غزل گلوکار راحت فتح علی خان جو دنیا بھر میں اپنی آواز کے لیے مشہور ہیں اس وقت میوزیکل رئیلٹی شو پاکستان آئیڈل میں جج کے طور پر شامل ہیں۔ اس ہفتے نشر ہونے والی قسط میں ان کے بیٹے شاہ زمان فتح علی خان نے ایک خاص پرفارمنس پیش کی جس میں انہوں نے نصرت فتح علی خان کے مشہور گانے ’کسے دا یار نہ وچھڑے‘ کو گایا لیکن مداحوں کو ان کی آواز ایک آنکھ نہ بھائی۔ جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

کچھ صارفین نے کہا کہ وہ تیز رفتاری سے گا رہے ہیں جس سے گانے کا اثر کم ہو گیا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’وہ صرف راحت فتح علی خان کا بیٹا اور نصرت فتح علی خان کا پوتا ہونے کی وجہ سے مشہور ہیں۔‘ بعض نے کہا کہ بیکنگ وکلسٹ کی پرفارمنس بھی ان سے زیادہ متاثر کن تھی۔


ایک اور فین نے کہا کہ معاف کریں لیکن یہ بالکل بھی اچھی پرفارمنس نہیں تھی، انہیں ابھی محنت کی ضرورت ہے۔ تاہم کچھ دیگر صارفین نے ان کی پرفارمنس کے حق میں رائے دی لیکن زیادہ تر تبصرے تنقیدی نوعیت کے تھے اور صارفین نے ان کی مزید تربیت اور تجربے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شاہ زمان کو اپنی پرفارمنس کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب صارفین نے ان کا موازنہ چاہت فتح علی خان سے کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ توبہ توبہ اتنی بے سُری آواز اور اتنا برا انداز ہے۔ یہ لڑکا فتح علی خان گھرانے کا نام بدنام کرے گا۔ جبکہ کئی صارفین نے راحت فتح علی خان کو مشورہ دیا کہ اپنے صاحبزادے سے کسی ٹرک کے اڈے پر لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا کام کرائیں۔