بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسلم لیگ قائد نواز شریف نے قومی اسمبلی کے کتنے اجلاسوں میں شرکت کی؟

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 4 سال کی طویل علالت کے باعث لندن میں مقیم رہنے کے بعد 21 اکتوبر 2023 کو پاکستان پہنچے تھے، اور ان کی واپسی پر کہا یہی جارہا تھا کہ وہ چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بننے کے لیے آئے ہیں۔

8 فروری 2024 کو عام انتخابات کا انعقاد ہوا تو ارادوں کے برعکس مسلم لیگ ن کو واضح اکثریت حاصل نہ ہوسکی جس کے بعد نواز شریف نے شہباز شریف کو ٹاسک دیا کہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک اتحادی حکومت تشکیل دیں اور جب وہ اس مقصد میں کامیاب ہوئے تو نواز شریف نے خود وزیراعظم بننے کے بجائے چھوٹے بھائی کو اس اہم ذمہ داری کے لیے مناسب سمجھا اور یوں شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوگئے اور نواز شریف ملکی سیاست اور پارلیمنٹ میں دلچسپی سے کوسوں دور نظر آئے۔

نواز شریف نے 8 فروری 2024 کو عام انتخابات میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی اور لاہور کے حلقے این اے 130 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، تاہم نواز شریف قومی اسمبلی اجلاسوں میں زیادہ شرکت کرتے نظر نہ آئے۔

موجودہ قومی اسمبلی کے 22 اجلاس مکمل ہوچکے ہیں اور اب تک ان اجلاسوں میں 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری ہوئی ہے، اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے 2 مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوئے اور ایک بجٹ اجلاس منعقد ہوا تاہم نواز شریف نے بجٹ اور مشترکہ اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔

ریکارڈ کے مطابق 29 فروری 2024 کو موجودہ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس طلب کیا گیا تھا اور اب تک مجموعی طور پر 22 اجلاس 159 دنوں تک جاری رہے، تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف نے صرف 2 اجلاسوں میں 6 دن شرکت کی ہے، نواز شریف نے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 3 دن شرکت کی اور 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے وقت نواز شریف نے صرف 2 دن اور ایک دن 27ویں آئینی ترمیم کے موقع پر اجلاس میں شرکت کی، اس کے علاوہ نواز شریف 153 دن قومی اسمبلی سے غیر حاضر رہے ہیں، جبکہ نواز شریف نے بجٹ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے 2 مرتبہ مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوچکے ہیں جن میں نواز شریف غیر حاضر رہے ہیں۔

نواز شریف نے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 3 دن 29 فروری، یکم اور 3 مارچ کو شرکت کی، اس کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے منعقدہ 10ویں اجلاس میں 2 دن 20 اور 21 اکتوبر کو شرکت کی، اس اجلاس میں بھی نواز شریف نے رات ساڑھے 11 بجے شرکت کی تھی جبکہ اجلاس 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کر دیا گیا اور پھر دوبارہ اجلاس شروع ہونے پر نواز شریف سمیت تمام ارکان کی 2 دن کی حاضری لگائی گئی تھی، 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے وقت بھی سابق وزیراعظم نواز شریف 12 نومبر کو قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔