بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چھت پر ٹینس بال سے کھیلنے والا بچہ سوئنگ کا سلطان کیسے بنا؟، وسیم اکرم کی دلچسپ کہانی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)کرکٹ ایک غیر یقینی اتفاقات کا کھیل ہے جس کا آغاز 1877 میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر ہوا، پھر 1971 میں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل اور 2005 میں پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ ہوا لیکن کرکٹ سے متعلق چند دلچسپ واقعات ایسے ہیں جو شائقین کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔

پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم بھی کرکٹ کے شوقین تھے اور عمران خان سے بڑے متاثر تھے۔ وسیم اکرم ابتدا میں لدھیانہ جمخانہ سے کرکٹ کھیلتے تھے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اپنے کرکٹ کے شوق کی وجہ سے اپنے والد چوہدری اکرم کے ساتھ رہنے کے بجائے اپنی نانی کے گھر مزنگ میں رہا کرتے تھے۔

وسیم اکرم اپنی نانی کے گھر کی چھت پر ٹینس بال سے کرکٹ کھیلتے تھے تاہم کھیل کے دوران جب بال نیچے گرتی تو اکثر دودھ والے کی دکان پر چلی جاتی جس پر دودھ والا شکایت لیکر انکی نانی کے پاس پہنچ جاتا اور کہتا کہ میرا دودھ خراب ہوگیا اور اپنے نقصان کی تلافی کا مطالبہ کرتا۔

نانی وسیم اکرم سے بہت محبت کرتی تھیں اور اسی لیے وہ دودھ والے کو اسکے نقصان کے لیے پیسے ادا کر دیتی تھیں مگر اسکے باوجود دودھ والا وہ دودھ بھی بیچ ڈالتا تھا۔

وسیم اکرم اکثر اس قصے کا ذکر کرتے ہیں اور مزنگ کے اس میدان کا بھی ذکر کرتے ہیں جو ان کے گھر کے باہر ایک کالج کا حصہ تھا۔ یہ واقعات نہ صرف وسیم اکرم کی ابتدائی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ کرکٹ کے شائقین کے لیے دلچسپ اور متاثر کن بھی ہیں۔