بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا، سرفراز احمد

انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی پر قومی انڈر 19 ٹیم کے کوچ، مینٹور اور کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں سرفراز احمد نے بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم نے بہترین اور منظم تیاری کی تھی، کھلاڑیوں نے پلان کے مطابق کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں نکلا۔

اس موقع پر ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جو نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے اہم اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکوں نے بھارت کو شکست دے کر قوم کی عزت میں اضافہ کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلی جبکہ ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس فتح نے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے قبل ایسی فتح سے اعتماد میں اضافہ ہوا، ابھی فی الحال مینٹور کی ذمہ داری کافی ہے۔

انہوں نے بھارتی ٹیم کے حوالے سے کہا کہ بھارتیوں کا رویہ کھیل کی روایت کے مطابق نہیں تھا، بھارت کے کھلاڑیوں کا رویہ نامناسب تھا۔ میں نے اپنے کھلاڑیوں کو کہا تھا کہ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں۔

ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس سے میدان میں بہتر نتائج حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم اپنی خامیوں پر کام کرے گی تاکہ مزید بہتری لائی جا سکے۔

فائنل میں شاندار بلے بازی کرنے والے کھلاڑی سمیر منہاس نے کہا کہ ٹیم کا منصوبہ یہی تھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلی جائے، اور یہی حکمت عملی کامیابی کی بنیاد بنی۔