بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کسانوں کو 10 لاکھ تک قرض کی سہولت، ڈیجیٹل ایپ’ذرخیزی‘ متعارف

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) حکومت پاکستان کے فنانس ڈویژن نے اسٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے اشتراک سے زرعی فنانسنگ میں انقلاب لانے کے لیے تیار کردہ ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ذرخیزی‘ کا آغاز کردیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد زرعی فنانس کو ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ کسان ذرخیزی ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر درخواست دے سکیں اور دس لاکھ روپے تک کا قرضہ حاصل کر سکیں، ضروری تصدیق کے بعد یہ درخواست کسان کی پسند کے بینک کو پراسیسنگ کے لیے بھیج دی جائے گی۔

فنانسنگ کا 75 فیصد حصہ زرعی سامان کی خریداری کے لیے بینکوں کے منظور شدہ زرعی وینڈرز کے ذریعے اشیا کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔

فنانسنگ کے علاوہ، کسان کو لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (LIMS) کے ذریعے زرعی مشاورت کی سروسز بھی دی جائیں گی۔ ذرخیزی پلیٹ فارم فنانسنگ کے ساتھ معیاری زرعی اشیاء اورکسانوں کی مشاورت کے ذریعے پیداوار میں بہتری لائے گی۔

چھوٹے کسانوں کو فنانسنگ کی فراہمی کے لیے بینکوں کی حوصلہ افزائی کے طور پر حکومت نے 10 فیصد فرسٹ لاس کوریج اور بینکوں کے واجب الادا قرض داروں میں خالص اضافہ پرفی کس دس ہزار روپے کی آپریشنل لاگت سبسڈی بھی فراہم کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اقدام چھوٹے کسانوں کے لیے قرضہ جات تک رسائی کو آسان بنا کردیہی ترقی اور قومی غذائی تحفظ کے لیے حکومت کے وسیع تر مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہاکہ ذرخیزی ایپ چھوٹے کسانوں کی فنانس تک رسائی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ قرضہ حاصل کرنے کا عمل ڈیجیٹل بنا کر ہم چھوٹے کسانوں کے لیے رکاوٹیں ختم کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ رسمی قرضہ جات بروقت، قابل رسائی اور فصلوں کی پیداوارمیں کسانوں کو مدد دیں۔ ذرخیزی دیہی معیشت میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کا ہدف حاصل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر مسعود نے اس سلسلے میں بینکاری شعبہ کے اجتماعی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ بینکنگ انڈسٹری ذرخیزی ایپ کے کامیاب نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم وزارتِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ملک بھر کے کسانوں تک رسائی کو بڑھایا جا سکے اور طریقہ کار کوآسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی کریڈٹ اسیسمنٹ طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے، ہمارا مقصد چھوٹے کسانوں، خصوصاً ان بے زمین کسانوں کے لیے فنانس تک رسائی بہتر بنانا ہے جو بڑی حد تک غیر دستاویزی شعبے میں کام کر رہے ہیں۔

زرخیزی ایپ اب گوگل پلے اسٹور پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے جبکہ کسان ڈیجیٹل آن بورڈنگ میں مدد کے لیے اپنے قریبی بینک کی کسی بھی برانچ سے رجوع کر سکتے ہیں۔