پاکستانی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ عمیر بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور سے مشابہت کے حوالے سے ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں۔
کم عمری میں ڈراموں سے آغاز کرنے والی سارہ عمیر نے 2008 میں پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل تھوڑا سا آسماں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، اس کے علاوہ وہ نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے شو دیسی کڑیاں کی فاتح بھی رہ چکی ہیں۔
سارہ عمیر 2014 تک شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں نام رہیں، تاہم معروف پاکستانی ہدایتکار محسن طلعت سے شادی کے بعد انہوں نے میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی، بعدازاں ان کی علیحدگی ہوگئی۔
ریئلٹی شو تماشا کے ذریعے کم بیک کرنے کے بعد سارہ عمیر سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہوچکی ہیں، جہاں ان کی ویڈیوز اور ریلز کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
حال ہی میں سارہ عمیر کی ایک نئی ریل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے بالی ووڈ گانے تیرے لیے ہی بنی ہوں پر ویڈیو بنائی، یہ گانا ماضی میں امیشا پٹیل اور ریتک روشن پر فلمایا گیا تھا، تاہم اس ریل کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سارہ عمیر کا موازنہ بالی ووڈ اسٹار کرینہ کپور سے کرنا شروع کردیا۔
مداحوں کے مطابق اس ریل میں سارہ عمیر کا انداز، اسٹائل اور تاثرات 90 کی دہائی کی کرینہ کپور سے غیر معمولی حد تک مشابہ نظر آئے، بعض صارفین نے اس مشابہت کو سراہا، جبکہ کچھ نے تنقید بھی کی۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ نقل کر کے کرینہ نہیں بنا جا سکتا، جبکہ ایک اور نے مشورہ دیا کہ سارہ عمیر کو کسی کی نقل کرنے کے بجائے خود کو اصل انداز میں پیش کرنا چاہیے، تاہم کئی مداحوں نے ان کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے تعریف کی، ایک صارف نے لکھا کہ بھارت میں کرینہ کپور ہے اور ہمارے پاس سارہ عمیر ہے، ایک اور تبصرہ تھا کہ کرینہ کو بھول جائیں، مجھے تو یہ اس سے بھی زیادہ خوبصورت لگتی ہیں، جبکہ ایک مداح نے کہا کہ زندگی میں ایسا اعتماد چاہیے۔









