حکومت پنجاب نے بینائی سے محروم افراد کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیم) بل 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔
بل رواں اجلاس کے دوران بروز جمعہ پیش کیا گیا، جس کے متن کے مطابق نابینا افراد کو باقاعدہ طور پر خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ اس سے قبل بینائی سے محروم افراد کی تعریف اس قانون کا حصہ نہیں تھی۔
بل کے تحت 3/60 سے کم بینائی رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ مکمل بینائی سے محروم افراد کو بھی خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ فہرست میں شمولیت کے بعد نابینا افراد کو خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔
خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہونے سے بینائی سے محروم افراد حکومتی فلاحی اسکیموں سے مستفید ہو سکیں گے، جبکہ روزگار کے حصول میں بھی انہیں آسانی میسر آئے گی۔ خصوصی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نابینا افراد کو علاج معالجے اور تعلیم کے شعبوں میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
بل کو مزید غور و خوض کے لیے دو ماہ کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد بل پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، جبکہ اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔









