بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انڈونیشیا کے بولر نے ٹی20 انٹرنیشنل میں نئی تاریخ رقم کر دی

انڈونیشیا کے فاسٹ بولر گیدے پریاندانا نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک انوکھا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مردوں اور خواتین کی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

یہ تاریخی کارنامہ انہوں نے کمبوڈیا کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں انجام دیا، جہاں انڈونیشیا نے یوڈایانا کرکٹ گراؤنڈ میں 60 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

28 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے کمبوڈیا کی 168 رنز کے تعاقب میں 16ویں اوور میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مڈل اور لوئر آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔

اس وقت کمبوڈیا کی ٹیم 15 اوورز میں 106 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکی تھی اور میچ میں موجود تھی، تاہم پریاندانا نے اپنا پہلا ہی اوور کراتے ہوئے میچ کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔


انہوں نے اوور کی پہلی 3 گیندوں پر مسلسل 3 وکٹیں لے کر شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی، جن میں شاہ ابرار حسین، نرمل جیت سنگھ اور چنتھون رتھناک شامل تھے۔ ایک ڈاٹ بال کے بعد انہوں نے مونگ دارا سوک اور پیل وینک کو بھی آؤٹ کیا، اس اوور میں صرف ایک وائیڈ دی گئی اور کمبوڈیا کی ٹیم ہدف سے بہت پہلے ڈھیر ہو گئی۔

اس کارکردگی کے ساتھ گیدے پریاندانا ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں، مردوں اور خواتین دونوں فارمیٹس میں، ایک اوور میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے، جہاں فال آف وکٹ کا باقاعدہ ریکارڈ موجود ہے۔

اس سے قبل میچ میں پریاندانا نے بیٹنگ میں بھی حصہ ڈالا اور وکٹ کیپر بلے باز دھرما کیسُوما کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 6 رنز بنائے۔

انڈونیشیا کی جانب سے دھرما کیسُوما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر ناقابلِ شکست 110 رنز اسکور کیے، جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، اور ٹیم کا مجموعی اسکور 167 رنز تک پہنچایا۔


واضح رہے کہ ڈومیسٹک مردوں کی ٹی20 کرکٹ میں ایک اوور میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ اس سے قبل 2 مرتبہ انجام دیا جا چکا ہے، تاہم بین الاقوامی سطح پر یہ اعزاز پہلی بار گیدے پریاندانا کے نام ہوا ہے۔