پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ماڈل اور اداکار سہیل سمیر نے شوبز انڈسٹری میں سُپر اسٹارز کی کمی پر کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں اداکار نے ساتھی فنکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری کے رجحان پر بھی اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سوائے چند ایک کے پاکستان نہ تو ماضی میں سُپر اسٹار پیدا کرسکا نہ ہی موجودہ دور میں، ہم اس حوالے سے اس لیے ناکام رہے کیونکہ ہم قبول نہیں کرتے۔
سہیل سمیر نے کہا کہ ہم کسی کو قبول ہی نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ یہاں حقیقی سُپر اسٹارز موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سُپر اسٹارز ہیں بھی، انہیں بھی وہ پذیرائی نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں، اور وہ اپنی شہرت کے باوجود مشکلات کا شکار رہتے ہیں کیونکہ کوئی ان کے مقام کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔ فنکار اپنی محنت سے نام تو بنا لیتے ہیں اور انڈسٹری کا حصہ بھی ہوتے ہیں، مگر لوگوں کی جانب سے انہیں وہ محبت اور پہچان نہیں ملتی جو ملنی چاہیے۔
سہیل سمیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ خود انڈسٹری کے افراد اکثر ان سُپر اسٹارز پر تنقید کرتے ہیں اور ایسے جملے کہتے ہیں کہ ’اسے اداکاری کے بارے میں کیا معلوم؟‘ ہمارے ہاں دوسروں کی صلاحیتوں کی بہت کم حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اچھا میزبان بھی ہو تو اس کی صلاحیتوں کو کھل کر تسلیم نہیں کیا جاتا بلکہ یہ کہا جاتا ہے کہ یہ سب اس کی قسمت کی وجہ سے ہے۔
سہیل سمیر نے یہ بھی کہا کہ ہماری اداکارائیں بھی اسی رویے کا شکار ہیں اور انڈسٹری کے اندر سے ہی ان کے خلاف منفی باتیں کی جاتی ہیں۔









