اسلام آباد(نیوزڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے۔پی اے ایف نور خان ایئربیس راولپنڈی پہنچنے پر معزز مہمان کو 21 تو پوں کی سلامی دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ پاکستان کی مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں کے جس میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ عالمی و علاقائی امور پر بھی بات چیت ہو گی۔









