بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسدادسموگ کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، مریم اورنگزیب

 

لاہور:(نیوزڈیسک) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے عوام کا تعاون ہر صورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ماسک کا باقاعدہ استعمال کریں اور آنکھوں یا گلے میں جلن کی صورت میں فوری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں کم رفتار ہواؤں اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کا خدشہ ہے، تاہم حکومت صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہے اور اے کیو آئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ سموگ کے تدارک کے لیے صنعتی یونٹس، بھٹہ جات اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اینٹی سموگ سکواڈز کو فیلڈ میں الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی پبلک اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات پر کچرا جلانے سے پرہیز کریں اور بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔