کراچی(نیوزڈیسک) گلستانِ جوہر سے گزشتہ روز ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی بیش قیمت گاڑی چھیننے کے واقعے میں پولیس نے اہم پیش رفت کر لی ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر اندرونِ سندھ کارروائی کرتے ہوئے لگژری گاڑی برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ گاڑی کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران گاڑی بازیاب کی گئی، جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ فوٹیج میں پولیس لائٹس لگی سفید گاڑی دیکھی جا سکتی ہے، جو گلستانِ جوہر میں بیش قیمت گاڑی کے قریب رُکتی ہے۔ گاڑی رکتے ہی مبینہ پولیس موبائل سے ملزمان اترتے ہیں اور خود کو اے وی ایل سی پولیس سے منسوب کرتے ہیں۔
شہری کے مطابق مسلح ملزمان نے گاڑی کے مالک کو زبردستی گاڑی سمیت اغوا کیا اور بعد ازاں اسکیم 33 میں اتار کر گاڑی چھین لی اور فرار ہو گئے۔









