بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بحرانوں کی زد میں ،صحیح فیصلے نا کیے تو معیشت بیٹھ جائیگی،شاہ محمود قریشی

ملتان(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان مشکل وقت سے گزار رہا ہے، ملک بحرانوں کی زد میں ہے، اگر صحیح فیصلے نا کیے تو ملک کی معیشت بیٹھ جائیگی،
آج بھی بہت سے قوتیں پاکستان کو توڑنا چاہتی ہیں۔ ہمیں ایسی قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ وقت آ گیا ہے پاکستان کی عوام فیصلہ کن کردار ادا کریں۔
پاکستان کی عوام کا ایک ہی مطالبہ فی الفور اور شفاف انتخابات۔ ملک آزاد ہوگیا لیکن ذہنی غلامی سے ہم نا نکل سکے۔
عمران خا ن غلامی سے نکال کر حقیقی آزادی دینا چاہتے ہیں،ماضی میں سیاستدانوں کا وطیرہ رہا ہے کہ اقتدار میں آئے مال بنایا اور ملک سے باہر چلے گئے۔ تحریک انصاف کے دو رمیں ایسا نہیں ہوا۔ وہ سیاستدان جن کے اثاثے بنک بیلنس باہر ہیں وہ کبھی آنکھ سے آنکھ نہیں ملا سکتے۔جب بھی ذمہ داریاں ملیں خلوص نیت اور دیانتداری سے ادا کی۔بطوروزیر خارجہ خلوص نیت سے پاکستان کا مقدمہ لڑا۔ میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ جس نے اقوام متحدہ میں اردو میں تقریر کی۔ پاکستان کی تاریخ کہ رہی ہے کہ ملتان پاکستان کا وہ شہر ہے جس نے ہر تحریک میں ہراول دستے کا کام کیا۔ جب ضیا الحق کی آمریت عروج پر تھی ملتان شہر نے اپنا کردار ادا کیا۔ مشرف کے دور میں عدلیہ کے حقوق کا الم بلند کیا تو ملتان کے شہریوں اور وکلاء نے تاریخی کردار کیا۔ ملتان نے تاریخ کو دہرانا ہے۔14 تاریخ کو عمران خان اپنی فریاد اور مقدمہ لے کر آپ کے سامنے ملتان آرہا ہے۔
عمران خان بتانے آرہا ہے شازش کیسے ہوئی۔ عدم اعتماد کون لے کر آیا۔ آپ ملتانیوں نے بتانا ہے کہ زندہ ہے ملتانی۔ملتان کا ضمیر بھی زندہ ہے۔ملتانیوں کا ضمیر نہیں بکے گا۔17 جولائی کوملتان کی غیور عوام بلے کے نشان پرمہر لگا کر ثابت کریں گے کہ اہلیان ملتان عمران خان کے ساتھ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزخواجہ محمد شفیق (چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران) اور ملتان کی تاجر برادری کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار پی پی 217مخدومزادہ زین حسین قریشی کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سابق وزیر مملکت‘ عامر ڈوگر، حاجی جاوید اختر انصاری، ندیم قریشی، رانا عبدالجبار، خالد جاوید وڑائچ، میاں جمیل، عثمان ظہور بھٹہ، اعجاز حسین جنجوعہ اکابرین شہر سمیت ملتان سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ضمنی الیکشن اب نالی سولنگ کا نہیں رہا۔یہ دو نظریوں کا الیکشن ہے۔ ایک نظریہ حق کا دوسرا باطل کا ہے۔ انہوں نے کہا تاجر برادری ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تاجر برادری نے آج غلامی سے چھٹکارا حاصل کر لیا۔ہر شہری، مزدور، تاجر، محنت کش، کسان؛ عمران خان کے ساتھ کہڑا ہے۔ 17 جولائی کو پی پی 217 کی عوام فیصلہ کرے گی۔ پورے جذبے اور محنت کے ساتھ آپ نے الیکشن مہم جاری رکھنی ہے۔ پی پی 217 ملتان کا ہر ووٹر اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالے گا اور جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف اور مخدومزادہ زین حسین قریشی کی حمایت پر ملتان کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ملتان کی ترقی اور خدمت ہمارا فرض ہے۔ میں اور میرا والد اور ہمارے بزرگوں نے جو ہو سکا اس خطے کی خدمت کی۔ خطے کی عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا۔ انشاء اللہ 17جولائی کو بھی ملتا ن کی عوام غوث پاک کی اولاد کو مزید عزت دیں گے اور کامیابی سے نوازیں گے۔ انشاء اللہ جو کچھ ہو سکا حلقے اور ملتان کی ترقی کیلئے کرونگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے تاجر برادری اور ملکی معیشت کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ کورونا وبا کے دوران پاکستان کی معیشت کو مستحکم رکھا۔ ہم پی پی 217 ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ خواجہ محمد شفیق نے تقریب میں موجود تمام پارٹی رہنماؤں اور تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا#