بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سالِ نو پر دوسری شادی؟ سجل علی نے افواہوں پر خاموشی توڑ دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کے حوالے سے حالیہ دنوں ایک بار پھر شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہی ہیں۔ کہا جا رہا تھا کہ سجل علی نئے سال میں دوسری شادی کرنے والی ہیں اور اس بار ان کا نام ساتھی اداکار حمزہ سہیل کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ سجل علی نے 2020 میں اداکار احد رضا میر سے ابوظہبی میں شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا اور دونوں دو سال بعد خاموشی سے الگ ہو گئے۔ اس علیحدگی پر ابتدا میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، البتہ بعد میں اس کی تصدیق ضرور ہو گئی۔
اب ایک بار پھر سجل علی کی ذاتی زندگی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ افواہوں کے مطابق سجل اور حمزہ سہیل کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا، دونوں کی آن اسکرین اور آف اسکرین کیمسٹری کو بھی مداحوں نے پسند کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں۔ حالیہ پراجیکٹس، تقریبات اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے لیے نرم اور مثبت جملوں نے بھی ان خبروں کو مزید ہوا دی۔
سوشل میڈیا پر یہ باتیں عام ہو گئیں کہ دونوں اداکار 2026 میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔ تاہم ان افواہوں پر حمزہ سہیل کی جانب سے تو کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا، البتہ سجل علی نے خود اس معاملے پر وضاحت کرنا ضروری سمجھا۔
سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مختصر مگر واضح پیغام دیتے ہوئے لکھا:لوگو، پرسکون رہو۔ اگر میری زندگی سے متعلق کوئی خبر ہوگی تو میں خود سب کو بتاؤں گی۔ غیر تصدیق شدہ باتوں پر یقین نہ کریں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد شادی سے متعلق افواہیں خاصی حد تک تھمتی دکھائی دے رہی ہیں، اگرچہ شوبز حلقوں میں چہ مگوئیاں اب بھی جاری ہیں۔ مداحوں کی نظریں اب سجل علی کے کسی حتمی اعلان پر ٹکی ہوئی ہیں۔