ہالی ووڈ کی مقبول ترین فلموں میں شامل اواتار کے ہدایتکار جیمز کیمرون نے نئی فلم اواتار: فائر اینڈ ایش کی ریلیز کے بعد فرنچائز کے مستقبل پر بات کی ہے۔
71 سالہ فلم ساز نے انٹرٹینمنٹ ویکلی سے گفتگو میں کہا کہ وہ ابھی یہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اواتار کی کہانی فائر اینڈ ایش کے بعد بھی آگے بڑھے گی یا نہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے، لیکن ہر نئی فلم کے لیے اس کی تجارتی کامیابی کو ثابت کرنا ضروری ہوگا۔
کیمرون نے مزید کہا کہ اگر کسی وجہ سے اواتار 4 اور 5 نہیں بن سکیں گے تو وہ مداحوں کو باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے بتائیں گے کہ کہانی کو کس سمت میں لے جانا تھا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اواتار کی کہانی کو ناول کی شکل میں محفوظ کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ کہانی کا اصل اور مستند ریکارڈ برقرار رہے۔
دوسری جانب، ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق اواتار: فائر اینڈ ایش نے چھٹیوں کے دوران صرف امریکا میں 153.6 ملین ڈالرز کمائے اور کئی باکس آفس ریکارڈز توڑ دیے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم ابتدائی ہفتے میں ہی عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ اواتار سیریز کی تیسری فلم ہے جو 19 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
اواتار کے مزید سیکوئلز؟ جیمز کیمرون نے فرنچائز کے مستقبل پر بات کی








