بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رحمۃ للعالمین و خاتم النبیینﷺ اتھارٹی آرڈیننس کی مدت ختم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رحمۃ للعالمین و خاتم نبیین اتھارٹی آرڈیننس کی مدت ختم ہوگئی۔ قومی رحمۃ للعالمین و خاتم نبیین اتھارٹی بل سینٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری کے باوجود اس پر ابھی تک صدر مملکت نے دستخط نہیں کئے۔

قومی رحمۃ للعالمین و خاتم نبیین اتھارٹی بل وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا گیا تھا۔ چار ہفتے گزر جانے کے باوجود اب تک بل پر دستخط نہ ہونے کے باعث اتھارٹی ایکٹ نہ بن سکی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ قومی رحمۃ للعالمین اتھارٹی آرڈیننس پر قائم کی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نے اتھارٹی کا چیئرمین کے علاوہ پانچ مختلف شعبہ جات کے سیرت ماہرین کا انتخاب کیا تھا۔

لیکن اپنی حکومت کے دورانیہ کے آخری چار ماہ میں اتھارٹی کے بل کو نہ تو قومی اسمبلی اور نہ ہی سنیٹ سے منظور کرایا جاسکا۔ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے آتے ہی آرڈیننس ختم ہونے سے قبل وزارت پارلیمانی امور کو ایکٹ بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے 6 جون کو قومی اسمبلی اور 9 جون کو سینٹ سے ترمیم شدہ بل منظوری کے لئے پیش کیا جسے بغیر کسی رکاوٹ کے منظور کرلیا گیا۔

اگلہ مرحلہ میں اتھارٹی بل صدر پاکستان کو بھیج کر دستخط کرنے کا ہوتا ہے تاہم چار ہفتہ گزرجانے کے باوجود اب تک صدر مملکت کی جانب سے بل پر دستخط نہ ہوسکے۔ لیکن دوسری جانب موجودہ اتھارٹی جوکہ آرڈیننس پر قائم تھی‘ کی مدت 9 جون کو ختم ہوچکی اور ادارہ غیر فعال ہوچکا ہے۔