بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شائے گل کنسرٹ کے دوران ڈرون حادثے کا شکار، زخمی

معروف پاکستانی گلوکارہ شائے گل اسلام آباد میں ایک میوزیکل کنسرٹ کے دوران حادثے کا شکار ہو گئیں، جب پرفارمنس کے دوران ایک ڈرون ان کے بازو پر جا گرا اور انہیں زخمی کر دیا۔
یہ واقعہ پارک ویو سٹی، اسلام آباد میں پیش آیا، جہاں شائے گل اسٹیج پر پرفارم کر رہی تھیں۔ اچانک ایک تیز رفتار ڈرون ان کی جانب بڑھا اور ان کے ہاتھ سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ان کے بازو پر گہرے کٹ لگ گئے۔
حادثے کے بعد شائے گل نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ڈرون کا کنٹرول ایک غیر تربیت یافتہ شخص کے ہاتھ میں تھا، اور وہ بہت تیز رفتاری سے ان کی طرف آ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ محفوظ ہیں اور ٹیٹنس کا انجیکشن بھی لگوا لیا ہے۔ شائے گل نے زخمی ہاتھ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں اور کہا کہ اگر زخم زیادہ گہرے ہوتے تو صورتحال سنگین ہو سکتی تھی۔ ایک اسٹوری میں مزاحیہ انداز میں انہوں نے کہا کہ “میں 27 کلب میں شامل نہیں ہونا چاہتی”۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے محض ایک حادثہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے کنسرٹس میں انتظامات اور آرٹسٹس کی سیکیورٹی پر سوال اٹھائے۔
واضح رہے کہ شائے گل نے 2022 میں کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول گانے پسوڑی کے ذریعے شہرت حاصل کی، جسے انہوں نے علی سیٹھی کے ساتھ گایا تھا اور یہ گانا تقریباً 92 کروڑ ویوز حاصل کر چکا ہے۔ ان کے دیگر مشہور گانوں میں سکون، لیفٹ رائٹ، انسیکیورٹی، گِلہ، بلّھیا شامل ہیں۔
مزید برآں، شائے گل نے ستمبر 2025 میں اپنا پہلا سولو گانا انسیکیورٹی ریلیز کیا، اور اپریل میں عبدالحنان کے ساتھ گِلہ میں بھی تعاون کیا۔