بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت، اقلیتوں پر ہندوتواکے منظم مٖظالم، مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) بھارت میں ہندوتوا نظریہ کے زیرتسلط اقلیتوں پر تشدد اور ناروا سلوک روزمرہ کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ مودی حکومت کے تحت مسلمانوں کے لیے نہ صرف مذہبی رسومات ادا کرنا مشکل ہوگیا بلکہ معاشی سرگرمیاں کرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اتر پردیش کے شہر بریلی میں ایک کیفے میں منعقدہ تقریب پر ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دَل کے شرپسندوں نے حملہ کیا اور کیفے میں داخل ہو کر مسلم نوجوانوں پر بدترین تشدد کیا۔ بھارتی پولیس نے تحفظ فراہم کرنے کے بجائے دو مسلم نوجوانوں پر مقدمہ درج کر کے جرمانہ عائد کر دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اقلیتوں کا منظم استحصال ریاستی سرپرستی میں جاری ہے۔

دوسری جانب ہماچل پردیش میں کشمیری مسلمانوں پر حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ فری پریس کشمیر کے مطابق کشمیریوں کو کاروبار چھوڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والا جہانگیر احمد انتہا پسند ہندوؤں کے حملے میں شدید زخمی ہوا ہے۔ ہماچل پردیش میں کشمیری مسلمانوں پر یہ 2025 میں ہونے والا سولہواں واقعہ ہے۔ جہانگیر احمد پچھلے 15 سال سے علاقے میں شالیں بیچ رہا ہے۔

محبوبہ مفتی نے شال بیچنے والے مظلوم کشمیری نوجوان تاجر پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی اور پرتشدد عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ہندوتوا راشٹرا کے مذموم ایجنڈے پر کاربند مودی کی مسلمانوں پر ریاستی سطح پر منظم استحصال کی داستانیں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔