اسلام آباد:(نیوزڈیسک) نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزارتِ نجکاری کے سیکرٹری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے اے ایچ سی کی قیادت میں قائم کنسورشیم کی جانب سے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کے لیے دی گئی 135 ارب روپے کی بولی کی توثیق کرتے ہوئے اس کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو سفارش کرنے کا فیصلہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ نجکاری کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں، اس امید اور خواہش کے ساتھ کہ اس عمل سے پی آئی اے ایک بار پھر اپنے شاندار ماضی کو بحال کر سکے گی۔
اجلاس میں وزیر توانائی، وزیراعظم کے مشیران برائے نجکاری اور صنعت و پیداوار، وزیر مملکت برائے خصوصی معاونین طارق باجوہ اور بلال کیانی، کابینہ ڈویژن، وزارتِ نجکاری، دفاع، قانون، توانائی اور نجکاری کمیشن کے وفاقی سیکرٹریز، صنعت و پیداوار سے متعلق حکام اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔









