لاہور:(نیوزڈیسک)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ انہیں سپیکر خیبر پختونخوا کے خط کے بارے میں بتایا گیا ہے، لیکن وہ خط ابھی موصول نہیں ہوا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ یقین ہے کہ سپیکر کے پی نے جمہوری باتیں کی ہوں گی اور خط موصول ہونے کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر خیبر پختونخوا اکثر خط لکھتے رہتے ہیں اور خیبرپختونخوا کے اندر بسنے والا ہر شخص پاکستان کا مالک ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پاکستان کا فخر ہے۔ سپیکر نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر وہ موجود ہوتے تو وزیر اعلیٰ کے پی کو خود ریسیو کرتے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کوئی غیر مجاز شخص داخل نہیں ہو سکتا اور اگر کوئی شخص خود کو کے پی کا ایم پی اے کہہ کر شناخت نہیں کروا رہا تو اسے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تشویش تھی کہ 9 مئی والے لوگ ہجوم کی طرح داخل ہو کر نقصان نہ پہنچائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ممبران کے علاوہ لابی میں کوئی نہیں جا سکتا، تاہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔









