بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں کو مارکیٹ مطابق مسابقتی بنایا جائیگا، احسن اقبال

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں بھرتیوں کے لیے پے اسکیل نظام کے جائزے کے لیے قائم ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ٹی ٹی ایس (Tenure Track System) اسکیل کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تنخواہوں کو مارکیٹ کے مطابق مسابقتی بنایا جائے گا تاکہ قابل اور باصلاحیت اساتذہ کو تعلیمی اداروں سے منسلک رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے ادوار میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو خطیر فنڈز فراہم کیے گئے، تاہم صوبائی حکومتوں کو بھی ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں مزید ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ قابل اور باصلاحیت اساتذہ کو کارکردگی کی بنیاد پر مراعات دینے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے، جبکہ باصلاحیت اساتذہ کی تعلیمی اداروں میں خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا معیار براہ راست اساتذہ کے معیار سے جڑا ہے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ملک کے معاشی مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پروموشن کے نظام کو مکمل طور پر مسابقت کی بنیاد پر ترتیب دیا جا رہا ہے، جبکہ اس وقت اعلیٰ تعلیم میں داخلہ شرح 13 فیصد سے بھی کم ہے جس میں کم از کم تین گنا اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یو ایس پاکستان اور یو کے نالج کوریڈور کا قیام انسانی وسائل کے معیار میں بہتری کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ چین سمیت عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اعلیٰ سطح کی افرادی قوت کی تیاری کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ اب سافٹ پاور کا ایک اہم عنصر بن چکا ہے اور بیرونِ ممالک سے طلبہ کو پاکستان کی جامعات میں راغب کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے مزید کہا کہ 2026 سے یونیورسٹیوں کی کارکردگی کے آڈٹ اور درجہ بندی کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا تاکہ معیارِ تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔