اسلام آباد:(نیوزڈیسک)وزیر بحری اُمور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت نئی بندرگاہوں کی تعمیر اور ترقی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں مستقبل کی بندرگاہی منصوبہ بندی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر بحری امور نے کہا کہ نئی بندرگاہوں کی ترقی میں ماحولیاتی تحفظ کو بنیادی حیثیت دی جائے گی اور ڈیپ سی بندرگاہوں کی منصوبہ بندی میں معیشت اور ماحول کے درمیان توازن ناگزیر ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ سمندری شعبے کی آئندہ سو سالہ ترقی حکومت کی قومی ترجیح ہے جبکہ بڑی بندرگاہوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے ایک مؤثر تجارتی ماڈل کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی بندرگاہوں کے لیے تکنیکی اور ماحولیاتی جانچ کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وزیر بحری امور نے واضح کیا کہ مینگرووز اور ساحلی ماحولیاتی نظام کا تحفظ بندرگاہی پالیسی کا لازمی حصہ ہوگا اور نئی بندرگاہیں علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تین سے چار نئی ڈیپ سی بندرگاہوں کے قیام کا منصوبہ ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ نئی بندرگاہوں میں سبز توانائی اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جائیں گے جبکہ موجودہ بندرگاہوں کی گنجائش مکمل ہونے سے قبل متبادل انتظامات ناگزیر ہیں۔









